پنجاب حکومت کے عوامی فلاحی منصوبے "اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے تحت درخواست دہندگان کے لیے خوشخبری سامنے آئی ہے۔ اس پروگرام سے اب تک 51 ہزار سے زائد خاندان مستفید ہو چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت جاری اس منصوبے کے لیے مالی سال 2025-26 کے لیے حکومت پنجاب نے 42.013 ارب روپے کی گرانٹ جاری کر دی ہے۔ اس سلسلے میں پی اینڈ ڈی بورڈ نے فنانس ڈیپارٹمنٹ کو فنڈز کے اجرا کے لیے خط ارسال کر دیا ہے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کے مطابق، منصوبے پر اب تک 60 ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت آ چکی ہے، جس کے تحت 6160 مکانات کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، جبکہ 45163 مکانات کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔
نورالامین مینگل کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے درخواست جمع کرانے کا طریقہ سادہ اور آن لائن رکھا گیا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد فائدہ اٹھا سکیں۔
گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اس منصوبے پر ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں منصوبے کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 51 ہزار سے زائد خاندانوں کا خواب اب حقیقت بن چکا ہے۔ اس موقع پر مریم نواز نے منصوبے کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کی۔
