سابق وزیر ہوا بازی کے جرائم میں بانی پی ٹی آئی برابر کے شریک تھے: خواجہ آصف

0

وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے پاکستان کا نام خارج ہونا ایک اہم کامیابی ہے، تاہم اس مقام تک پہنچنے کے لیے قوم کو سابقہ حکومت کی غفلت کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے سابق وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے نہ صرف قومی ایئر لائن بلکہ ملک کے وقار کو بھی نقصان پہنچایا۔ ان کے بقول، غلام سرور خان اور بانی پاکستان تحریک انصاف، دونوں نے مل کر قومی ایئر لائن کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں وزیر ہوا بازی نے اپنے ہی ادارے پر بے بنیاد الزامات عائد کیے، جس کے نتیجے میں بین الاقوامی سطح پر پی آئی اے پر پابندیاں عائد ہوئیں۔ ان بیانات کے باعث پی آئی اے کو اربوں روپے کا مالی نقصان اٹھانا پڑا اور قومی وقار مجروح ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ان غیر ذمہ دارانہ اقدامات کی ذمہ داری پی ٹی آئی پر عائد ہوتی ہے، اور آج تک اس حوالے سے کوئی وضاحت پیش نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد پی آئی اے پر انحصار کرتی ہے، اور اس پابندی کے خاتمے سے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو سفری سہولت حاصل ہوگی۔

خواجہ آصف نے مزید بتایا کہ اس پیش رفت سے پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کو بھی تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جلد ہی پی آئی اے کے بین الاقوامی روٹس بحال کرکے نجکاری کا مرحلہ شروع کرے گی۔ انہوں نے عالمی ایوی ایشن اداروں کا شکریہ ادا کیا جن کی رہنمائی سے یہ سنگ میل عبور ہوا، اور کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس معاملے میں ذاتی دلچسپی لی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.