پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں اور اس سلسلے میں سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ان کے بھائی عمران خان اور بھانجے کو غیر قانونی طور پر قید میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مکمل فوکس بےگناہ قیدیوں کی رہائی پر ہے۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے پارٹی کو پیغام بھیجا ہے کہ ذاتی اختلافات ختم کر کے تحریک کو فعال بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نہایت مشکل حالات میں ہیں اور پارٹی کو چاہیے کہ اس نازک صورتحال پر سنجیدگی سے غور کرے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کو دباؤ میں لانے کے لیے ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان صرف قومی مفاد میں مذاکرات کے لیے تیار ہیں، لیکن وہ اپنے لیے کسی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ عمران خان کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، میڈیا تک رسائی بند کر دی گئی ہے، اور جیل انتظامیہ کی جانب سے غلط بیانی کی جا رہی ہے۔ علیمہ خان نے الزام لگایا کہ وزیراعظم مریم نواز نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو خاص ہدایات دے کر عمران خان کے ساتھ ناروا سلوک کروایا ہے۔