ڈیرہ اسمٰعیل خان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید

0

خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کلاچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسمٰعیل خان (ڈی آئی خان) کے علاقے کلاچی میں یادگار چوکی کے قریب نامعلوم  افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار گل محمد اور شہزاد خان شہید ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں اہلکاروں کو قریبی دکان پر جاتے ہوئے نشانہ بنایاگیا، دونوں اہلکار یادگار پولیس چوک پر تعینات تھے, پولیس کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد دہشتگرد موٹرسائیکل  پر فرار ہو گئے، شہید اہلکاروں کی میتیں کلاچی اسپتال منتقل کر دی گئیں ہیں۔

واقعے کے فوراً بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کر دیا، دہشت گرد فرار ہونے کی کوشش میں تھے تاہم پولیس کی بروقت جوابی کارروائی کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور دو دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے کلاشنکوف اور ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا ہے، واقعے کے بعد سی ٹی ڈی اور ضلعی پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ دیگر ملوث عناصر کو گرفتار کیا جا سکے۔

شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ اعجاز شہید پولیس لائن ڈیرہ اسماعیل خان میں ادا کی گئی، جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سجاد احمد صاحبزادہ، ریجنل پولیس آفیسر سید اشفاق انور سمیت بڑی تعداد میں سول و فوجی افسران اور پولیس اہلکاروں نے شرکت کی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

نماز جنازہ کے بعد دونوں شہداء کی میتوں کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیا گیا، پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ واقعہ دہشت گردی کی کارروائی ہو سکتا ہے۔ ضلعی اور ریجنل پولیس افسران نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور حملہ آوروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا

Leave A Reply

Your email address will not be published.