راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے میڈیا پر گردش کرنے والی ٹکٹوں کی فہرست کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دے دیا۔

اڈیالہ جیل کے قریب صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے لیے امیدواروں کے نام پارٹی بانی عمران خان پہلے ہی حتمی کر چکے ہیں، اس لیے میڈیا پر زیر گردش لسٹوں پر دھیان نہ دیا جائے۔
بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ عمران خان کی کال پر تحریک کا آغاز ہو چکا ہے، جس کا نقطۂ عروج 5 اگست کو دیکھنے کو ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اس وقت مکمل نظم و ضبط کے ساتھ اپنی حکمت عملی پر گامزن ہے۔
پارٹی کے اندرونی اختلافات سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ بڑی سیاسی جماعتوں میں رائے کا اختلاف معمول کی بات ہوتی ہے، لیکن تحریک انصاف میں کوئی گروپ بندی یا داخلی ٹوٹ پھوٹ نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی عالیہ حمزہ اور شیخ وقاص اکرم سے بات چیت ہوئی ہے اور دونوں رہنماؤں کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام معاملات پارٹی کے اندر رہ کر حل کیے جائیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کارکنوں اور رہنماؤں سے اپیل کی کہ افواہوں سے گریز کریں اور پارٹی کی قیادت و پالیسی پر اعتماد برقرار رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام امور پارٹی نظم و ضبط کے تحت داخلی سطح پر سلجھائے جائیں گے۔
