پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے بیٹوں کی پاکستان آکر سیاسی جدوجہد میں شمولیت کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، نہ تو ویزا کے لیے کوئی درخواست دی گئی ہے اور نہ ہی کسی باضابطہ پروگرام کا اعلان کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے بیٹے سلیمان اور قاسم کی پاکستان آمد سے متعلق سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں جاری بحث محض قیاس آرائیوں پر مبنی ہے، اور اس حوالے سے کوئی عملی پیشرفت اب تک سامنے نہیں آئی۔
ادھر جمائمہ گولڈ اسمتھ نے ایک سوشل میڈیا پیغام میں اپنے بیٹوں کی سلامتی کے بارے میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ممکنہ خطرات پر تشویش ظاہر کی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، اب تک لندن میں موجود پاکستانی ہائی کمیشن سے کوئی ویزا درخواست موصول نہیں ہوئی۔ ویزا سیکشن کے حکام کا کہنا ہے کہ درخواست ملنے پر ہی فیصلہ کیا جائے گا، اور درخواست کی منظوری یا مسترد کرنے کا اختیار ویزا سیکشن کو حاصل ہے۔
مزید برآں، ان بیٹوں کے پاس پاکستان کا پاسپورٹ یا قومی شناختی کارڈ موجود ہونے کی بھی کوئی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی، جو ویزے یا شہریت کے معاملے کو مزید پیچیدہ بنا دیتا ہے۔
امریکا میں عمران خان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے کسی مظاہرے یا اجتماع کے حوالے سے بھی مقامی انتظامیہ کو کوئی باضابطہ اطلاع یا اجازت کی درخواست موصول نہیں ہوئی۔