بری امام میں واپڈا کی مبینہ کرپشن اور لاپروائی عروج پر، جینون صارفین رُل گئے، ٹاوٹ مافیا کے وارے نیارے

0

اسلام آباد ( وحید شاہ سے)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے دیہی علاقے بری امام میں محکمہ واپڈا کی متعدد مبینہ بے ضابطگیاں اور غفلتیں منظرعام پر آ گئیں۔

 

ذرائع کے مطابق، بجلی کے میٹر لگوانے کے لیے جائز درخواست دینے والے شہری کئی ماہ سے دربدر ہیں، جبکہ ٹاوٹ مافیا رشوت کے عوض راتوں رات میٹر لگوانے میں کامیاب ہو رہا ہے۔

ایک ہی ٹرانسفارمر پر تقریباً 500 گھروں کا بوجھ ڈال دیا گیا ہے، جو اکثر اوور لوڈ ہو کر ٹرپ کر جاتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک ہی گھر میں 4 یا اس سے زائد میٹرز مبینہ رشوت دے کر لگوائے جا چکے ہیں، جس سے نہ صرف نظام درہم برہم ہو چکا ہے بلکہ جائز درخواست دہندگان کے ساتھ شدید ناانصافی بھی ہو رہی ہے۔

علاقہ مکینوں نے میڈیا ٹیم کو بتایا کہ ندی نالوں، قبرستانوں میں بجلی کے کھمبے گل سڑ چکے ہیں اور ان پر لٹکی ننگی تاریں بچوں اور اہلِ علاقہ کو موت کی کھلی دعوت دے رہی ہیں۔ واپڈا دفتر سرکل بھارہ کہو کے افسران متعدد شکایات کے باوجود خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

ذرائع نے انکشاف کیا کہ واپڈا اہلکار، کچھ اسٹاف اور ٹاوٹ مافیا کی ملی بھگت سے یہ سلسلہ جاری ہے، جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے اور حقدار شہری اپنے جائز حقوق سے محروم ہو رہے ہیں۔

عوامی و سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اعلیٰ حکام اور متعلقہ ایس ڈی او فوری نوٹس لیں، کرپٹ مافیا کے خلاف کارروائی کریں اور علاقے کے لوگوں کو محفوظ، شفاف اور منصفانہ بجلی کی سہولت فراہم کی جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.