اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)
صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان جناب آصف علی زرداری نے آج ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا اہم دورہ کیا، جہاں اُنہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ صدر مملکت کے اس دورے کا مقصد پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہنا اور حالیہ پاک-بھارت تنازع میں دشمن کو دندان شکن جواب دینے پر فضائیہ کے جوانوں کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔
صدرِ پاکستان کی آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں سربراہ پاک فضائیہ نے صدر مملکت کو ایئر فورس کی آپریشنل تیاریوں، جدید جنگی حکمت عملیوں، اور ادارے کی ازسرنو تنظیم نو کے تحت جاری منصوبوں سے آگاہ کیا۔
ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے صدر مملکت کو بتایا کہ حالیہ معرکے میں پاک فضائیہ کی کامیابی غیرمعمولی پیشہ ورانہ تربیت، اسمارٹ انڈکشنز، جدید آپریشنل حکمت عملی، اور مقامی سطح پر تیار کردہ ’’کِل چین‘‘ سسٹم کا نتیجہ تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تاریخ میں پہلی بار پاک فضائیہ نے فل اسپیکٹرم آپریشنز انجام دیے، جن میں سائبر، خلائی، اور الیکٹرانک وارفیئر کے تمام شعبے مربوط طور پر بروئے کار لائے گئے، جبکہ نیش اور ڈسرپٹیو ٹیکنالوجیز کا مؤثر اور تزویراتی استعمال دشمن کے خلاف فیصلہ کن ثابت ہوا۔
صدر آصف علی زرداری نے پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی دفاع میں اس کے کردار کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ پاک-بھارت تنازع میں پاک فضائیہ نے مادرِ وطن کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں جو کردار ادا کیا، وہ نہ صرف تاریخ ساز ہے بلکہ قوم کے اعتماد کا مظہر بھی ہے۔ انہوں نے ایئر چیف مارشل کی قیادت اور وژن کی بھی بھرپور تعریف کی، جنہوں نے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے خطے میں عسکری توازن برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی جرأت مندانہ قیادت اور تکنیکی تیاری نے دشمن کو بروقت اور مؤثر جواب دینے کی صلاحیت پیدا کی، اور حکومت پاکستان پاک فضائیہ کو ہر سطح پر ضروری وسائل اور معاونت فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہے۔
بعد ازاں، صدر پاکستان نے نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشن سینٹر کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں پاک فضائیہ کی مجموعی آپریشنل تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
صدر مملکت کا یہ دورہ اس حقیقت کا مظہر ہے کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج، بالخصوص پاک فضائیہ پر مکمل اعتماد رکھتی ہے، جو وطن عزیز کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار اور چوکس ہے۔