سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس، ترقیاتی منصوبوں اور واجبات کی وصولی پر اہم فیصلے

0

اسلام آباد: چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر ایڈمن، ممبر اسٹیٹ، ممبر انجینئرنگ، ممبر فنانس، ڈی جی ریکوری، ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ، میونسپل کارپوریشن اسلام آباد کے چیف آفیسر اور دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران ممبر فنانس نے سی ڈی اے کی مالی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ادارے کی مالی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی ریکوری کو ہدایت دی کہ بقایاجات کی وصولی کے لیے فوری اور مؤثر حکمت عملی تیار کی جائے اور تمام وسائل قانون کے مطابق بروئے کار لائے جائیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جن افراد کے ذمہ سی ڈی اے کے مختلف شعبوں کے واجبات باقی ہیں، انہیں فوری ادائیگی کی ہدایت کی جائے۔ بصورت دیگر ان کی پراپرٹیز پر جرمانہ اور الاٹمنٹس منسوخ کر دی جائیں گی۔

سیکٹر E-12 میں ترقیاتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جہاں چیئرمین نے ہدایت کی کہ باقی ماندہ کاموں کو جلد مکمل کیا جائے۔ سیکٹر E-12 اور C-15 میں غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھی فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی گئی۔

سیکٹر C-16 کے حوالے سے زمین کی الاٹمنٹ سے متعلق زیر التواء امور نمٹانے اور زمین ایوارڈ کا عمل جلد مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیئرمین نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائی کر کے ترقیاتی کاموں کو تیز کیا جائے تاکہ پلاٹس کی حوالگی جلد ممکن بنائی جا سکے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کیپیٹل فوڈ اسٹریٹ اور بلیو ایریا فوڈ اسٹریٹ پر کام کے فوری آغاز اور جلد از جلد فعال بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے دونوں منصوبوں میں اعلیٰ معیار اور مکمل عوامی سہولیات کی فراہمی پر زور دیا۔

قبرستانوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے چیئرمین نے سیکٹر H-11 سمیت تمام قبرستانوں میں سڑکوں کی مرمت، باغبانی میں بہتری، جدید لائٹس کی تنصیب، باؤنڈری وال کی تعمیر و مرمت اور رنگ و روغن کے کام کو جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔

انہوں نے صفائی ستھرائی اور درختوں کی دیکھ بھال کے لیے ماحولیاتی عملے کی مستقل تعیناتی کی ہدایت دی، ساتھ ہی شہریوں کو تدفین سے متعلق معلومات اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے 24/7 ہیلپ لائن قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے پلاننگ ونگ کو ہدایت دی کہ ماسٹر پلان کے تحت شہر کی بڑھتی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے قبرستان کے لیے موزوں زمین کی نشاندہی کی جائے۔

آخر میں چیئرمین محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے اسلام آباد کو ایک خوشحال، خوبصورت اور مثالی شہر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے اور مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے تاکہ شہریوں کی رہائشی، سفری اور تفریحی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.