اسلام آباد اور پشاور میں افسوسناک واقعات پیش آئے جن میں تین سوشل میڈیا شخصیات کو قتل کر دیا گیا۔ اسلام آباد کے تھانہ سنبل کی حدود میں معروف ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو ان کے گھر آئے مہمان نے دو گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ ثنا یوسف کا تعلق چترال سے تھا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔
پشاور میں ایک اور افسوسناک واقعہ میں مشہور ٹک ٹاکر مشال خان اور ان کی اہلیہ مینا خان کو ان کے چچا زاد بھائی نے غیرت کے نام پر قتل کر دیا۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب دونوں پارٹی سے واپس آ رہے تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے بعد دونوں موقع پر جاں بحق ہو گئے اور ان کی لاشیں لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور منتقل کر دی گئیں۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔