آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر وطیم میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں یومِ تشکر، افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین

0

 

راولپنڈی: وطیم میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے زیرِ اہتمام ایک پروقار تقریب یومِ تشکر کے عنوان سے منعقد کی گئی، جس کا مقصد آپریشن بنیان المرصوص میں افواجِ پاکستان کی شاندار کامیابی پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔ تقریب میں طلبہ، والدین، اساتذہ، اور معزز شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں آرمی میڈیکل کالج راولپنڈی کے سابق پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر میجر جنرل (ر) سہیل امین (ہلالِ امتیاز)، اسسٹنٹ کمشنر راولپنڈی آفتاب اشرف، اور راول ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سعد اسد شامل تھے۔

پروفیسر ڈاکٹر میجر جنرل (ر) سہیل امین نے خطاب کرتے ہوئے کہا:
"پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے، خون کے آخری قطرے تک مادرِ وطن کا دفاع کریں گے۔”
انہوں نے اس تاریخی کامیابی کو قوم اور افواجِ پاکستان کے باہمی اتحاد کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو پاکستانی قوم نے یکجہتی سے ناکام بنا دیا۔

اسسٹنٹ کمشنر آفتاب اشرف نے بھارت کی ظالمانہ پالیسیوں اور کشمیر میں جاری مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پاکستانی قوم کے اپنی مسلح افواج سے غیر متزلزل جذبہ یکجہتی کی مظہر ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر ادریس بٹ نے 1965ء کی جنگ اور لائن آف کنٹرول پر اپنے تجربات حاضرین سے شیئر کیے، جس سے شرکاء کا حب الوطنی کا جذبہ مزید بلند ہوا۔
قائم مقام پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر مظہر ملک اور برگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر سید گلزار بخاری نے تعلیم و تربیت کے ذریعے طلبہ میں قومی شعور بیدار کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

چیئرمین اور سی ای او وطیم کالج، پروفیسر ڈاکٹر عبدالرشید میاں نے اپنے اختتامی خطاب میں کہا کہ قومی وقار، خودداری اور یکجہتی ہی ملک کی سلامتی کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی حفاظت ہر شہری کا فرض ہے۔

تقریب میں ملی نغمے، تقاریر، اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے "اے راہِ حق کے شہیدو” کا خصوصی کلام پروفیسر ڈاکٹر مدیحہ علی نے پیش کیا۔ نوجوان طلبہ نے "معرکہ حق” کے موضوع پر پوسٹر مقابلوں میں شرکت کی، جبکہ آپریشن بنیان المرصوص پر ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

آخر میں تمام مہمانانِ گرامی کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔ تقریب حب الوطنی، جذبہ قربانی اور افواجِ پاکستان سے والہانہ محبت کے جذبے کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.