چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کی چیف سیکریٹری سندھ سے ملاقات، باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق

0

 

چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے آج کراچی میں چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ سے ان کے دفتر میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد صوبے میں بی آئی ایس پی کی افادیت میں اضافہ اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانا تھا۔

ملاقات کے دوران بی آئی ایس پی کے ادائیگی مراکز پر سیکیورٹی اور لاجسٹکس کے مؤثر انتظامات پر زور دیا گیا تاکہ مستحق خواتین کو ان کی رقوم بغیر کسی تاخیر اور رکاوٹ کے فراہم کی جا سکیں۔ دونوں رہنماؤں نے بی آئی ایس پی اور سندھ حکومت کے عملے کے درمیان قریبی رابطہ، مشترکہ حکمت عملی اور شکایات کے بروقت ازالے کے لیے مربوط اقدامات پر بھی گفتگو کی۔

اس موقع پر سندھ بھر میں بی آئی ایس پی دفاتر کے قیام کے لیے مناسب سرکاری اراضی کی فراہمی کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا، تاکہ مستحقین کو خدمات تک آسان رسائی حاصل ہو سکے۔ ملاقات میں سندھ حکومت کے مجوزہ ہاؤسنگ منصوبوں میں بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والی خواتین کی شمولیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس کا مقصد نچلے طبقے کو باعزت اور سستی رہائش فراہم کرنا ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے سینیٹر روبینہ خالد کو بی آئی ایس پی کے اقدامات کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ صوبائی حکومت، سماجی تحفظ کے اس اہم پروگرام میں فعال شراکت داری جاری رکھے گی تاکہ پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔

سینیٹر روبینہ خالد نے سندھ میں غربت کے خاتمے اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ادارہ جاتی ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا اور چیف سیکریٹری کے عزم و کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے بین الاداراتی تعاون سے حکمرانی کے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

ملاقات ایک مثبت نوٹ پر اختتام پذیر ہوئی، جس میں دونوں فریقین نے باہمی تعاون کے فروغ اور پسماندہ طبقے کی زندگی میں بہتری لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.