اسلام آباد کے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں شدید آگ بھڑک اٹھی ہے، جس کا دھواں شہر کے مختلف سیکٹرز اور دیہی علاقوں سے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ آگ پر تاحال مکمل قابو نہیں پایا جا سکا۔ سی ڈی اے اور اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے اہلکار مسلسل آگ بجھانے میں مصروف ہیں، تاہم تیز ہواؤں، خشک موسم، اور دشوار گزار علاقے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
آگ کی شدت میں اضافہ خشک گھاس اور پودوں کی وجہ سے ہوا ہے جبکہ موبائل سگنلز کی کمزوری سے رابطے کے مسائل بھی سامنے آئے ہیں۔ ترجمان عمر بلال کے مطابق آگ بجھانے کے لیے اضافی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں اور صورتحال کی نگرانی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کی جا رہی ہے۔
مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں یہ آگ جنگلی حیات اور نباتات کے لیے شدید نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے۔ مقامی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں سے دور رہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع 1122 پر دیں تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔