
سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے آج راولپنڈی میں شہید اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کے گھر کا دورہ کیا۔ انہوں نے شہید کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی، ان کے بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی اور دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف حالیہ دشمن حملے میں مادرِ وطن کا دفاع کرتے ہوئے ایک آپریشنل ایئر بیس پر جامِ شہادت نوش کر گئے۔
ایئر چیف نے کہا کہ قوم اپنے ہیروز کو سلام پیش کرتی ہے، اور شہید عثمان یوسف کی قربانی کو ہمیشہ عزت و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ "ایسے بہادر بیٹے قوم کا فخر ہیں، ان کی جرات آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔”
ایئر چیف مارشل نے بعدازاں کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) راولپنڈی کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے حالیہ کشیدگی کے دوران زخمی ہونے والے پاک فضائیہ، پاک فوج اور سویلین افراد کی عیادت کی۔ انہوں نے زخمی اہلکاروں کی خیریت دریافت کی، ان کی ہمت کو سراہا اور اسپتال عملے کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
ایئر چیف نے اس موقع پر کہا کہ "پاک فضائیہ اپنی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہے۔ ہمارے جانباز افسران کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔”
پوری قوم اس وقت شہید اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف اور ان جیسے دیگر سپوتوں کو سلامِ عقیدت پیش کر رہی ہے، جنہوں نے مادرِ وطن کے تحفظ کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
