راولپنڈی (نیوز ڈیسک): پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارتی میڈیا کی جانب سے پیش کیا گیا جھوٹا بیانیہ پاکستانی میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی زد میں آ گیا۔ بھارتی میڈیا کے جھوٹے پروپیگنڈے کو پاکستانی الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا نے مکمل طور پر بے نقاب کر دیا، جس پر بھارتی ذرائع ابلاغ شدید بوکھلاہٹ کا شکار نظر آئے۔
پاکستانی میڈیا کی جانب سے کی جانے والی مؤثر رپورٹنگ اور ڈیجیٹل وار فیئر کی مہم نے بھارتی جھوٹے دعوؤں کو خاک میں ملا دیا۔ معروف بھارتی نیوز چینل "انڈیا ٹوڈے” نے اپنی رپورٹ میں تسلیم کیا کہ پاکستانی میڈیا کی جوابی کارروائی سے بھارتی پروپیگنڈا شدید دباؤ کا شکار ہو چکا ہے۔
سوشل میڈیا پر بھارتی بیانیے کی شکست
ٹوئٹر سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر ہیش ٹیگ #ModiExposed، #IndianFalseFlag، #PahalgamDramaExposed ٹاپ ٹرینڈ بن گئے۔ ہزاروں پوسٹس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ پاکستانی سوشل میڈیا ٹیموں کی مربوط حکمت عملی اور فوری ردعمل نے بھارتی پروپیگنڈے کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔
بھارتی فوج کے جعلی انکاؤنٹرز اور سفاکی کے ثبوت منظرِ عام پر
ذرائع کے مطابق، پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارتی فوج نے جعلی انکاؤنٹرز کے نام پر معصوم کشمیریوں کا قتلِ عام شروع کر رکھا ہے۔ 24 اپریل 2025 کو اڑی سیکٹر میں دو بے گناہ کشمیری محمد فاروق اور محمد دین کو دن دہاڑے شہید کر دیا گیا۔ ان معصوم شہریوں کو جعلی انکاؤنٹر کے بعد نہ صرف قتل کیا گیا بلکہ ان کی لاشوں کی بے حرمتی کرتے ہوئے انہیں ذبح بھی کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، دل دہلا دینے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بھارتی فوجی فیک انکاؤنٹر کے دوران شہید کئے گئے کشمیری نوجوان کی گردن پر خنجر سے وار کر رہا ہے تاکہ لاش کو "ڈرامے” کے مطابق تیار کیا جا سکے۔
بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیز کا بھیانک کردار
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی خفیہ ادارے جبری اور غیر قانونی حراست کے ذریعے پاکستانی اور کشمیری شہریوں کو جعلی انکاؤنٹرز میں شہید کر رہے ہیں۔ اس وقت بھارت کی مختلف جیلوں میں 732 بے گناہ افراد کو غیر قانونی طور پر قید رکھا گیا ہے، جن کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
2003ء سے اب تک بھارتی ایجنسیاں 56 پاکستانی شہریوں کو بھی جبری طور پر لاپتہ کر چکی ہیں، جنہیں کسی بھی وقت فالس فلیگ آپریشن میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ 25 اپریل 2025 کو جموں جیل میں قید کم از کم 2 سے 3 پاکستانی شہری غائب پائے گئے، جس سے خدشہ پیدا ہو گیا ہے کہ بھارت کسی نئے ڈرامے کی تیاری میں ہے۔
بھارتی بیانیے کی عالمی سطح پر ناکامی
متعدد بھارتی صحافیوں اور تجزیہ کاروں نے بھی بھارتی ریاستی بیانیے کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا ہے کہ مودی سرکار کی جانب سے پھیلایا جانے والا جھوٹ عالمی سطح پر بھی اپنی ساکھ کھو چکا ہے، اور فالس فلیگ آپریشنز جیسے اقدامات بھارت کی اخلاقی گراوٹ کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔