
ترک ادارہ برائے تعاون و باہمی روابط (TİKA) نے پاکستان بیت المال (PBM) کے اشتراک سے رمضان المبارک کے موقع پر پاکستان کے مختلف علاقوں میں ضرورت مند خاندانوں میں فوڈ پیکٹس تقسیم کیے۔اس سلسلے میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں راولپنڈی، مریدکے (پنجاب) اور اوگی (خیبر پختونخواہ) کے مستحق خاندانوں میں 1,500 فوڈ پیکٹس تقسیم کرنے کیے لیے تیکا (TİKA) نے یہ پیکٹس پاکستان بیت المال کے حوالے کیے، جو ان کی مستحق خاندانوں تک منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفیر، ڈاکٹر عرفان نزیر اوغلو نے پاکستان اور ترکیہ کے گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا:”آج، رمضان کے اس بابرکت موقع پر، ہم اپنے ضرورت مند بھائیوں اور بہنوں کی مدد کے لیے یکجا ہوئے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ، ہم پاکستان بیت المال کے ساتھ مل کر ایسے اقدامات پر غور کر رہے ہیں جو خواتین کو خود کفیل بنانے اور انہیں اپنے معاشی استحکام کے مواقع فراہم کرنے میں مدد دیں۔ تیکا (TİKA) نے گزشتہ 15 سالوں میں پاکستان میں تقریباً 700 ترقیاتی تعاون کے منصوبے مکمل کیے ہیں اور مستقبل میں بھی پائیدار ترقیاتی منصوبے جاری رکھے گا۔”
پاکستان بیت المال کے ڈائریکٹر جنرل، سینیٹر کیپٹن (ر) شاہین خالد بٹ نے پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی اور مضبوط برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا:”ترکی کی حمایت ہمیشہ ہمارے لیے ایک اہم ذریعۂ طاقت رہی ہے۔ آج ہم دونوں ممالک کے درمیان لازوال دوستی اور یکجہتی کی ایک اور روشن مثال پیش کر رہے ہیں۔”
تیکا (TİKA) رمضان المبارک کے دوران ترکیہ اور پاکستان کے عوام کے درمیان یکجہتی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ ادارہ یتیم بچوں، طلبہ اور معاشرے کے دیگر مستحق طبقات کے لیے افطار پروگرامز کے انعقاد کے ساتھ ساتھ خوراک کی امداد بھی فراہم کر رہا ہے۔