پکتیکا کے صوبے برمل علاقے میں پاک فضائیہ نے فتنہ الخوارج کے چار اہم دہشتگرد کیمپوں کو نشانہ بنایا۔ زمینی ذرائع کے مطابق دھماکے مسلسل جاری ہیں، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہاں بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد موجود تھا۔ یہ دہشتگرد کیمپ خودکش بمباروں کی تربیت اور مواد کی تیاری کے لیے معروف تھے۔

حملوں میں اہم ترین ٹارگٹ شیر زمان عرف مخلص یار تھا، جو خودکش بمباروں کو تربیت دیتا تھا، جبکہ دوسرے کمانڈر ابو حمزہ کو نشانہ بنایا گیا جو معصوم پاکستانیوں اور افغان بچوں کو دہشتگردی کی طرف راغب کرتا تھا۔ تیسرا ٹارگٹ اختر محمد عرف خلیل کا کیمپ اور چوتھا شعیب اقبال کا میڈیا سنٹر تھا، جو فتنہ الخوارج کی پراپیگنڈہ سرگرمیوں میں ملوث تھا۔
یہ حملے انتہائی مہارت سے کیے گئے اور ان کا مقصد صرف دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنا تھا۔ حملے کے دوران مساجد اور دینی مدارس میں چھپے دہشتگردوں کو کم سے کم نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ متعدد دہشتگرد ہلاک ہوئے، اور اہم دہشتگرد مراکز مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔
یہ کیمپ پاکستان میں کارروائیوں کے لیے دہشتگرد دستوں کی تیاری کا مرکز تھے، اور وہی حملہ آور بھی یہاں چھپے ہوئے تھے جنہوں نے چند روز قبل پاکستانی پوسٹ پر حملہ کیا تھا، جس میں 16 پاکستانی جوان شہید ہوئے تھے۔
