26 نومبراحتجاج، پی ٹی آئی کارکنان کی پرتشدد کارروائیوں میں زخمی پاکستان رینجرز پنجاب کا ایک اور اہلکار شہید

پاکستان رینجرز پنجاب کے ایک اور اہلکار لانس نائیک محمد تنویر شہید ہو گئے، جو 25 اور 26 نومبر کو احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کارکنان کی پرتشدد کارروائیوں میں شدید زخمی ہوئے تھے۔ لانس نائیک محمد تنویر (عمر 37 سال، ساکن ضلع نارووال) کومہ کی حالت میں تھے اور زندگی کی بازی ہار گئے۔
لانس نائیک محمد تنویر نے 17 سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا۔ ان کے سوگواران میں اہلیہ، دو بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔
احتجاج کی آڑ میں پی ٹی آئی کارکنان نے سرکاری املاک پر حملے کیے اور ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ اس دوران رینجرز کے شہید اہلکاروں کی تعداد اب 4 ہو گئی ہے، جبکہ متعدد اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ پنجاب پولیس کے دو اہلکار بھی شہید ہوئے، جب کہ تقریباً 119 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ اسلام آباد پولیس کے 11 اہلکار شدید زخمی ہوئے ہیں۔
پرتشدد واقعات اور توڑ پھوڑ کی متعدد ویڈیوز منظر عام پر آ چکی ہیں، جن میں پی ٹی آئی کارکنان مختلف مقامات پر آگ لگا رہے ہیں۔ حکومت نے پرتشدد عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔
