پاکستانتازہ ترین

ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ اور چیف افسر ضلع کونسل نے محتسب کے احکامات کو پھر ہوا میں اڑا دیا

لاہور – ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ اور چیف افسر ضلع کونسل نے محتسب پنجاب کے احکامات کو ایک بار پھر نظرانداز کر دیا، جنہوں نے 6 سال سے بند محمود کالونی کی مرکزی سڑک، رضویہ روڈ پر سیوریج پائپ لائن کی فوری تنصیب اور سڑک کی صفائی کا حکم دیا تھا۔ محتسب پنجاب نے 45 دنوں میں نئی سیوریج پائپ لائن بچھانے اور سڑک کی صفائی کو یقینی بنانے کے احکامات دیے تھے، لیکن متعلقہ حکام نے مقررہ مدت کے اندر کوئی بھی کارروائی نہیں کی۔

مقامی افراد اور درخواست گزار نے محتسب پنجاب کو ایک اور درخواست دی ہے، جس میں ڈپٹی کمشنر اور چیف افسر ضلع کونسل کے خلاف کارروائی کی اپیل کی گئی ہے کیونکہ انہوں نے محتسب کے احکامات کی خلاف ورزی کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، امامیہ کالونی کے قریب محمود کالونی، تحصیل فیروزوالا کی مرکزی سڑک رضویہ روڈ پچھلے 6 سال سے سیوریج لائن بند ہونے کی وجہ سے ایک نالے کا منظر پیش کر رہی ہے۔ اس علاقے میں سیوریج کی صفائی کے لیے متعدد مرتبہ وزیر بلدیات، ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ اور چیف افسر ضلع کونسل کو درخواستیں دی گئی ہیں، مگر کسی نے توجہ نہیں دی۔ اس علاقے کے رہائشی وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور پارلیمانی سیکریٹری پیر اشرف رسول کے حلقہ انتخاب میں آتے ہیں، لیکن اس مسئلے پر آج تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔

مقامی افراد نے 2022 میں محتسب پنجاب سے مسئلے کے حل کے لیے درخواست کی تھی۔ ایکسئین ضلع کونسل شیخوپورہ عبداللہ اور سب انجینئر رانا ارسلان کی تحریری یقین دہانی پر محتسب پنجاب نے سیوریج کی فوری صفائی، نئی سیوریج لائن کی تنصیب اور سڑک کی تعمیر کا حکم دیا تھا، مگر ضلع کونسل شیخوپورہ کے افسران نے ان احکامات کو نظرانداز کر دیا اور کوئی کارروائی نہیں کی۔

اس کے بعد، مقامی افراد نے 2024 میں دوبارہ محتسب پنجاب سے رجوع کیا اور ضلع کونسل کے افسران کے خلاف کارروائی کی درخواست کی۔ ایکسئین ضلع کونسل شیخوپورہ راناشاہد نے محتسب پنجاب سے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ ہر صورت محتسب کے احکامات پر عمل کریں گے۔ نتیجتاً، محتسب پنجاب نے ضلع کونسل شیخوپورہ کے افسران کو ایک اور موقع دیتے ہوئے 15 اکتوبر 2024 کو ڈپٹی کمشنر، چیف افسر ضلع کونسل شیخوپورہ اور ایکسئین ضلع کونسل شیخوپورہ کو 45 دنوں کے اندر نئی سیوریج پائپ لائن بچھانے، رضویہ روڈ کی تعمیر و مرمت کرنے اور سڑک کی صفائی کو یقینی بنانے کے احکامات دیے۔

تاہم، ڈپٹی کمشنر اور چیف افسر ضلع کونسل نے ایک مرتبہ پھر محتسب پنجاب کے احکامات کو نظرانداز کیا اور مقررہ مدت گزرنے کے بعد بھی نہ تو سڑک کی صفائی کی، نہ ہی سیوریج پائپ لائن تبدیل کی۔ درخواست گزار نے محتسب پنجاب کو ایک اور درخواست دی ہے، جس میں ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ، چیف افسر ضلع کونسل اور دیگر متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کی اپیل کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button