شیڈول نہ ہونے کے باوجود آزادکشمیر بینک کی کارکردگی شاندار رہی ، گورنر سٹیٹ بینک

0

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اسلام آبادگورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی کارکردگی اور شیڈول بینک درجہ کے حصول سے متعلق اقدامات کی زبردست تعریف اور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے سٹیٹ بینک کی جانب سے لائسنس اجراء کرنے کے موقف سے اصولی اتفاق کر لیا اور کہا کہ جس انداز و رفتار سے کشمیر کامالیاتی ادارہ ترقی کی جانب گامزن رہتے ہوئے ریاست کی معاشی وسماجی ترقی میں کردار ادا کررہا ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ بینک بہت جلد کامیاب ترین بینکوں کی صف میں شامل ہو جائے گا۔

گزشتہ روز یہاں ان خیالات کا اظہار گورنر سٹیٹ بینک جناب جمیل احمد نے آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیرکے وزیر خزانہ وکواپریٹو ز اور بینک بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئر مین خان عبدالماجد خان کی سربراہی میں ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں بینک کے صدر و سی ای او جناب شاہد شہزاد میر، آزاد کشمیر کے سیکریٹری فنانس اور ڈائریکٹر بینک جناب اسلام زیب، کمپنی سیکریٹری ڈاکٹر عدنان اللہ خان بھی موجود تھے۔

گورنر نے کشمیر بینک کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ شیڈول نہ ہونے کے باوجود آزادکشمیر بینک کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ انہوں نے کشمیر بینک کی جانب سے اسلامک بینکنگ شروع کرنے کی تعریف کی اور کہا کہ بینک ایکویٹی اور کور بینکنگ سے متعلق لوازمات مکمل کر کے سٹیٹ بینک سے رجوع کرے۔

بینک کی جانب سے ایکسچینج کمپنی کھولنے کی بھی تعریف کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ قواعد و ضوابط مکمل ہونے پر سٹیٹ بینک لائسنس جاری کر دے گا۔قبل ازیں،چیئرمین نے ریاستی معیشت میں بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی اہمیت،ادارے کے ساتھ سمندر پار کشمیریوں کی وابستگی اور دلچسپی، شیڈول درجہ دلانے کے لئے لائسنس اجرائیگی کی اہمیت وافادیت، مالیاتی ادارے اور ریاستی حکومت کی جانب سے ترقی اور شیڈول بینک درجہ کے حصول کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا جن میں قابل ذکر کور بینکنگ سافٹ ویئر کی تنصیب، قرضہ جات منصوبوں کی از سر نو بہتری، اسٹیٹ بینک میں درخواست دائر کرنے کے لئے بزنس کیس کی تیاری اور قانونی لوازمات کی تکمیل کے لئے کنسلٹنٹ کی خدمات کا حصول، آزاد کشمیر کے عوام بالخصوص سمندر پار کشمیریوں وکارپوریٹ سیکٹر کی بینک کو شیڈول کا درجہ دینے کی خواہشات شامل ہیں۔

چیئرمین نے مزید بتایا کہ بینک کو حکومت پاکستان کے پن بجلی، سیاحت، معاشی طور پر خواتین کو بااختیار بنانے، زراعت و ہاؤسنگ جیسے خصوصی منصوبوں میں شامل کرنے سے بینک کی ترقی میں تیزی آئے گی۔ علاوہ ازیں سٹیٹ بینک کی جانب سے اس بینک کو لائسنس کے اجراء، رہنمائی و تعاون کے لئے فوکل پرسن کی نامزدگی جب کہ اسلام آباد میں بینک کے کارپوریٹ دفتر کھولنے کے مثبت کاروباری نتائج برآمد ہوں گے۔

قبل ازیں گورنرسٹیٹ بینک کو صدر بینک جناب شاہد شہزاد میرکی جانب سے بینک کی تاریخ، انتظامی ڈھانچے، پھیلتے ہوئے نیٹ ورک اور صارفین تک رسائی، ادا شدہ سرمایہ سمیت فنانشل ترقی کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی۔جناب گورنر نے بینک ٹیم کی بریفنگ دلچسپی اور توجہ سے سنی اور شیڈول بینک درجہ کے حصول کے لئے ادارے کے موقف پر اصولی اتفاق کر لیا۔اس موقع پر گورنر سٹیٹ بینک کو سوینئرز پیش کی گئیں۔

مجوزہ‘ ترامیم کو چیلنج نہیں کیا جا سکتا، سپریم کورٹ

Leave A Reply

Your email address will not be published.