لاہور(نیوزڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب کابینہ میں 21 ارکان کی موجودگی کے باوجود توسیع پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی کابینہ میں 4 سے 5 ارکان کی شمولیت کا امکان ہے جبکہ جنوبی پنجاب سے بھی 2 افراد کی کابینہ میں شمولیت متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منشاء اللہ بٹ، سلطان حیدر علی خان کے نام کابینہ میں شمولیت کے لیے زیر غور ہیں۔ سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال کو بھی کابینہ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
پنجاب کابینہ میں توسیع کے حوالے سے حتمی فیصلہ مسلم لیگ ن کے قائد اور صدر نواز شریف سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس وقت مریم نواز کی کابینہ میں ایک سینئر وزیر، 17 وزراء، ایک مشیر اور 2 معاون خصوصی کے ساتھ ارکان کی تعداد 21 ہے۔

