راولپنڈی( نیوز ڈیسک) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہےکہ انتخابات کے بعد بھارت پاکستان کے خلاف پروپیگنڈاکرنے کی کوشش کررہا ہے، ایسے ہتھکنڈے اور جعلی فلیگ آپریشنزبھارت کا معمول کا سیاسی آلہ کاربن چکے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے حاجی پیر سیکٹر لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر راولپنڈی نے ان کا استقبال کیا۔
آرمی چیف نے فرنٹ لائن پر افسران اور جوانوں کے ساتھ نمازعید اداکی اور اگلے مورچوں پر تعینات فوجی جوانوں کے ساتھ عیدالاضحیٰ منائی۔
اس موقع پر جوانوں کے ہمراہ پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کی دعا کی جب کہ جنرل عاصم منیر نے پاکستان کے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔