اردویونیورسٹی میں مختلف مقابلہ جات،ماس کمیونیکیشن کے طلبہ نے شیلڈ حاصل کر لی
اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) ماس کمیونیکیشن کے طلبہ نے وفاقی اردو یونیورسٹی میں بہترین میڈیا کوریج، حسن قرات، نعت، گائیکی اور بیڈ مینٹین مقابلوں میں شیلڈ حاصل کر لی۔
وائس چانسلر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے کہا کہ فیڈرل اردو یونیورسٹی کے طلبہ نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں انتہائی متحرک ہیں۔ فیڈرل اردو یونیورسٹی اسلام آباد میں ہفتہ طلبہ کی اختتامی تقریب بدھ کو منعقد ہوئی۔ شیخ الجامعہ ڈاکٹر ضابطہ شنواری نے مقابلے جیتنے والے طلبہ کو انعامات سے نوازا۔ طلبہ سوسائٹیز کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ شعبہ ابلاغیات (ماس کمیونیکیشن) کے طلبہ ثقلین نعیم، محمد ذاکر اور حسینہ کوثر کو پورے سپورٹس ویک کے دوران بہترین میڈیا کوریج پر شیلڈ عطا کی گئی۔ اسی شعبے کے طالب علم حنان احمد نے حسن قرات (تلاوت) میں اول پوزیشن حاصل کی۔
مشرف سلیم کو گائیکی میں بیسٹ پرفارمینس شیلڈ دی گئی۔ ماس کمیونیکشن ہی کی طالبات نے بیڈمنٹین سنگل اور ڈبل مقابلوں میں یونیورسٹی چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ شیخ الجامعہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اردو یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ دلجمی اور لگن کے ساتھ علمی و تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔
کھیلوں کے مقابلے کا انعقاد بھی خوش آئند ہے۔ خاص کر طالبات کا ہم نصابی سرگرمیوں میں کارکردگی کا مظاہرہ کرنا حوصلہ افزا ہے۔ جامعہ کے اندر فٹ بال گراؤنڈ اور ریس ٹریک بنائے جائیں گے۔ ہر سمسٹر میں سٹوڈنٹس ویک منایا جائے گا۔ تقریب میں انچارج کیمپس ڈاکٹر احتشام الحق، ڈپٹی رجسٹرار چوہدری علیم رضا، اساتذہ اور طلبہ شریک ہوئے۔