دو غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف گرینڈ آپریشن،مین گیٹ مسمار

0

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)انٹیلیجنس کمیٹی کی ہدایات کی روشنی میں ٹاسک فورس کی غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف شاندار کارروائیاں جاری ہیں۔ ٹاسک فورس نے دو غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں فیصل ٹاؤن فیز II موضع کولیاں پر، پیلو اور موضع ٹھلیاں راولپنڈی اور پاکستان کوآپریٹو ایمپائر ہاءوسنگ سوسائٹی راولپنڈی کے خلاف آپریشن کرتے ہوے سائٹ آفس، چار چیک پوسٹ، مین گیٹ، باؤنڈری والز اور روڈ انفراسٹرکچر کو مسمار کر دیا ہے۔

کمشنر راولپنڈی ڈویژن عبدالعامر خٹک کی ہدایت پر ڈی جی آر ڈی اے، ڈی سی راولپنڈی اور سی پی او راولپنڈی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کی ہدایات پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے فراڈ اور شہریوں سے لوٹ مار روکنے کے لیے تمام غیر قانونی سوسائٹیوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس کی جانب سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان کے ناجائز قبضوں کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔

اسلحہ کے زور پر زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جن ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان قانونی دستاویزات مکمل کر چکے ہیں انہیں زمین کا قبضہ دے دیا گیا ہے۔ آر ڈی اے عوام الناس کی معلومات کے لیے وقتاً فوقتاً پریس ریلیز جاری کرتا رہتا ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری نہ کریں اور آرڈی اے کی ویب سائٹ www.rda.gop.pk پر جاننے کی درخواست کی ہے اور مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ صرف منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں سے خرید و فروخت کریں۔

حکام کے مطابق اس سے قبل مذکورہ ہاؤسنگ سکیم کے مالکان اور اسپانسرز کو نوٹسز جاری کیے گئے تھے اور غیر قانونی اشتہارات، بکنگ اور ڈویلپمنٹ روکنے کے لیے نوٹس جاری کیے گئے تھے۔ ان جائیدادوں کے مالکان قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے بکنگ آفس چلا رہے تھے۔

آپریشن ٹیم جس میں محمد عثمان باجوہ اسسٹنٹ ڈائریکٹربلڈنگ کنٹرول آر ڈی اے، مہوش نسیم اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ، تھانہ دھمیال اور نصیر آباد راولپنڈی کی پولیس ٹیم، آر ڈی اے سکیم و بلڈنگ انسپکٹرز، ضلعی انتظامیہ کے نمائندے اور دیگر ٹیم ممبران نے مشترکہ طور پر گرینڈ آپریشن کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.