وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج اور اس کے سربراہ پر کی جانے والی تنقید بلیک میلنگ کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "یہ لوگ پھر کسی کے کندھے کے ذریعے اقتدار چاہتے ہیں۔”
طلال چوہدری نے اپنے ویڈیو بیان میں پشاور میں ہونے والے پی ٹی آئی جلسے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں "سوائے گالم گلوچ اور تنقید کے کچھ نہیں تھا”۔ انہوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے سابق بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پشاور جلسے نے ثابت کر دیا کہ وہ بیان درست تھا۔
پاکستان میں کرپٹو اور دیگر ڈیجیٹل اثاثوں کے محفوظ استعمال کے لیے اہم پیش رفت
انہوں نے الزام لگایا کہ "کسی کے کندھے پر بیٹھ کر اقتدار تک پہنچنے والے آج اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہے ہیں”۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما روزانہ کی بنیاد پر سوشل میڈیا کے ذریعے ملکی اداروں کے خلاف بے جا تنقید کرتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ "خود کو سب سے ضروری اور ناگزیر سمجھنے والا ذہنی مریض ہی ہو سکتا ہے” اور اب بات چیت کی دعوت نہیں دی جائے گی۔ طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت اڈیالہ جیل میں دوسرے قیدیوں کے لیے بھی خطرہ بن رہی ہے اور اگر وہ جیل میں بھی "تماشہ” کرتے رہے تو انہیں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ "جو ہری پور کا الیکشن نہیں جیت سکتے وہ لاہور اور فیصل آباد میں کیا مقابلہ کریں گے”۔