وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام نعرے اور عملی اقدامات میں فرق سمجھ چکے ہیں اور اب کوئی بہکاوے میں نہیں آئے گا۔ لاہور میں نومنتخب ارکان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مسلم لیگ ن کو بڑی کامیابی سے نوازا ہے، تمام حلقوں میں کارکنوں نے محنت کی اور وہ تمام عہدیداروں اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتی ہیں۔
علی ترین نے ملتان سلطانز کو الوداع کہنے کا اعلان کر دیا
انہوں نے کہا کہ میانوالی میں بھی تبدیلی آ گئی ہے اور اگر دھاندلی ہو تو پوری دنیا دیکھتی ہے، ڈسکہ میں سب نے یہ منظر دیکھا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکلات کے باوجود مسلم لیگ ن نے بہادری سے مقابلہ کیا اور کبھی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کیا۔ گزشتہ دور حکومت میں مخالفین کو جیلوں میں ڈالا گیا لیکن عوام اصل اور نقل میں فرق پہچان گئے۔ انہوں نے کہا کہ موروثی سیاست کا طعنہ دینے والوں نے خود اپنی بیوی، بھائی اور رشتہ داروں کو کھڑا کیا مگر اب عوام کسی فریب میں نہیں آئیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے کبھی سیاسی عمل سے انکار نہیں کیا اور عوام جان چکے ہیں کہ نعرے اور عملی اقدامات میں کیا فرق ہے۔ ہری پور میں بھی بھاری اکثریت سے مسلم لیگ ن کامیاب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت میں سیاست کو ذاتی دشمنی بنایا گیا اور ہر بار سازشیوں کا نیا گروہ سامنے آ جاتا ہے، ہر بار یہی کہا جاتا رہا کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی لیکن جلاوطنی سمیت تمام مشکلات برداشت کی گئیں۔ وہ نہیں جانتیں کہ آج وہ سازشی کس مقام پر کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خدمت کرنا انہوں نے نواز شریف سے سیکھا ہے اور آج نواز شریف کہتے ہیں کہ شہباز شریف اور مریم نواز ان سے آگے نکل گئے ہیں۔ جب انہیں حکومت ملی تو مخالفین کہتے تھے کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا، لیکن آج لوگ ان کی کال پر بھی کان نہیں دھرتے۔ مریم نواز کے مطابق ڈیڑھ سال میں پنجاب میں روٹی کی قیمت نہیں بڑھی اور ان کے مخالفین بھی خود کو پنجاب میں محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا مسلم لیگ ن کو ووٹ دینا ان کی خدمت کا نتیجہ ہے اور نواز شریف کی چالیس سالہ سیاست کو ختم کرنا آسان نہیں۔