عمران خان کی جی ایچ کیو حملہ کیس میں پیشی کیلیے ویڈیو لنک تیاری کا حکم

عمران خان کی جی ایچ کیو حملہ کیس میں پیشی کیلیے ویڈیو لنک تیاری کا حکم

0

انسداد دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمران خان کی پیشی کے لیے سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ کو ویڈیو لنک کی سہولت فراہم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

قومی کرکٹرز کو مختلف لیگز کیلئے این او سی جاری
جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے سامنے ہوئی، تاہم آج بھی مقدمے کا ٹرائل نہیں ہو سکا۔ سماعت کے بعد ملزمان شیخ رشید، سیمابیہ طاہر اور دیگر حاضری دے کر واپس چلے گئے۔ سماعت کے دوران ویڈیو لنک کا نظام کام نہیں کر سکا۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مقدمے کے گواہ کرکٹ اسٹیڈیم پر ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔ عدالت نے گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کر دی اور کہا کہ آئندہ سماعت ویڈیو لنک کے ذریعے ہوگی۔ عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ کو ہدایت کی کہ وہ عمران خان کی پیشی کے لیے ویڈیو لنک کا انتظام کرے۔

سماعت کے دوران وکلاء کی جانب سے عمران خان سے فوری ملاقات کی درخواست پیش کی گئی۔ وکیل فیصل ملک نے موقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے مؤکل عمران خان سے مقدمے کے حوالے سے مشاورت کی ضرورت ہے۔

اس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وکیل فیصل ملک نے کہا کہ ستائیسویں آئینی ترمیم بنیادی انسانی حقوق کے خلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 26ویں اور 27ویں دونوں آئینی ترامیم کو منسوخ کیا جانا چاہیے اور یہ ترامیم جمہوریت اور آئین پر حملہ ہیں۔

فیصل ملک کا کہنا تھا کہ آزاد عدلیہ اور آئین پر کسی قسم کے حملے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے اڈیالہ جیل کے باہر رات کے وقت ہونے والی کارروائیوں کے خلاف قانونی اقدام کا مطالبہ کیا اور کہا کہ آئینی ترامیم کے ذریعے عدلیہ کی آزادی ختم کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ عدالت میں درخواست کریں گے کہ انہیں عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔ سلمان اکرم راجا، بیرسٹر سلمان صفدر اور دیگر وکلاء مل کر کیس پر تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے ٹرائل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے کسی بھی ٹرائل کو تسلیم نہیں کرتے اور عمران خان کا موقف ہے کہ ٹرائل ان کی موجودگی میں ہونا چاہیے۔

وکیل فیصل ملک کا مزید کہنا تھا کہ بے بنیاد مقدمات میں عمران خان کا یہ حق ہے کہ ان کا ٹرائل ان کی موجودگی میں ہو۔ انہوں نے عمران خان کی بہنوں کے ساتھ ہونے والے سلوک کی مذمت کی اور کہا کہ اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اسی دوران شیخ رشید نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ انہیں امید ہے کہ بہتر وقت آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ علیمہ خان سمیت تینوں بہنوں کو ملاقات کی اجازت دی جانی چاہیے اور ملاقات سے کچھ نہیں ہوتا۔ انہوں نے معیشت کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ غربت، بے روزگاری اور مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے اور ان مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اپنے مقدمات کے حوالے سے کہا کہ جب یہ واقعات پیش آئے تو وہ بیرون ملک تھے۔ انہوں نے اپنے بھتیجے شیخ راشد کے بارے میں بتایا کہ انہیں 40 سال کی سزا سنائی گئی ہے حالانکہ انہوں نے کبھی فیصل آباد دیکھا تک نہیں۔ انہوں نے بجلی کے بلوں، اسکول کی فیسوں اور آٹے چینی کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ان مسائل پر توجہ دی جانی چاہیے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.