وانا کے کیڈٹ کالج میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران لی گئی تازہ ویڈیوز منظر عام پر آ گئی ہیں، جن میں طلبہ کی بحفاظت بچاؤ کے مناظر دکھائی دے رہے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملے کے وقت کالج میں موجود تقریباً 650 افراد، جن میں 525 کیڈٹس شامل تھے، کو فورسز نے انتہائی احتیاط اور حکمت عملی کے ساتھ محفوظ مقام پر منتقل کر لیا۔
اسلام آباد کچہری خودکش دھماکے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آ گئی ، ابتدائی رپورٹ بھی تیار
ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سکیورٹی اہلکار بچوں کو اٹھا کر چوکنا انداز میں عمارتوں سے باہر نکال رہے ہیں، جبکہ طبی عملہ موقع پر پہنچ کر فوری طبی چیک اپ کر رہا ہے۔ حملے سے قبل حملہ آوروں نے کالج کے مرکزی گیٹ پر بارود سے بھری گاڑی سے حملہ کیا تھا، جس سے گیٹ اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ابتدائی کارروائی میں پاک فوج کے جوانوں نے دو حملہ آوروں کو ہلاک کیا، جبکہ آپریشن ابھی تک جاری ہے اور آخری دہشتگردوں کو ہلاک کیے بغیر کلیئرنس آپریشن حتمی شکل نہیں دے گا۔ فورسز نے علاقے کو مکمل گھیرے میں لے رکھا ہے اور چھپی ہوئی عمارتوں کی تلاشی جاری ہے۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حملہ آور افغانستان سے رابطے میں تھے اور وہیں سے ہدایات وصول کر رہے تھے۔ سکیورٹی ذرائع نے زور دیا کہ آپریشن جامع اور منظم طریقے سے جاری ہے، جس میں بچوں، اساتذہ اور عملے کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔