چین کی ایک ٹیکنالوجی کمپنی نے مسلسل چار سال سے اپنے ملازمین کو بونس کے طور پر خالص سونے سے بنے کی بورڈ کے بٹن تحفے میں دینے کی روایت برقرار رکھی ہے۔
گوانگ ڈونگ صوبے کے شہر شینزن میں قائم کمپنی **انسٹا 360** نے حال ہی میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ملازمین کو 21 طلائی کی کیپس دیے۔ ان میں سب سے قیمتی بٹن اسپیس کی پر مبنی تھا، جس کا وزن 35.02 گرام اور مالیت تقریباً 3 لاکھ 20 ہزار یوان، یعنی ایک کروڑ 26 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد تھی۔
عراق میں انوکھی انتخابی مہم، امیدوار خاتون، الیکشن پوسٹرز پر شوہر کی تصویر آویزاں
کمپنی ہر سال پروگرامرز ڈے کے موقع پر اس منفرد بونس کا اعلان کرتی ہے۔ اب تک مجموعی طور پر 55 طلائی بٹن ملازمین میں تقسیم کیے جا چکے ہیں، اور سونے کی بڑھتی قیمتوں کے باعث ان کی قدر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
چینی ٹیکنالوجی حلقوں میں انسٹا 360 کو "گولڈ فیکٹری” کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے کیونکہ یہ سونے کی شکل میں انعامات دینے کے لیے مشہور ہے۔
جولائی میں کمپنی کے قیام کے 10 سال مکمل ہونے پر تمام ملازمین کو گولڈ بلائنڈ باکس تحفے میں دیا گیا، جس میں خالص سونے کے اسٹیکرز رکھے گئے تھے۔ ہر اسٹیکر کا وزن 0.36 گرام تھا اور باکس پر درج پیغام میں لکھا تھا، “اس کی چمک صرف سونے کی نہیں، آپ بھی اس کا حصہ ہیں۔”
کمپنی اپنے ملازمین کو ذاتی خوشیوں کے موقع پر بھی سونا تحفے میں دیتی ہے۔ شادی یا بچے کی پیدائش پر ہر ملازم کو ایک گرام وزنی سونے کا سکہ دیا جاتا ہے۔
انسٹا 360 کے بانی لیو جیانگ کانگ کا کہنا ہے کہ وہ سونا اس کی مالی قدر کے لیے نہیں بلکہ اس کی پائیداری کی علامت کے طور پر دیتے ہیں، کیونکہ کمپنی کا استحکام اس کی باصلاحیت ٹیم پر منحصر ہے۔