نیو جرسی میں میئر کا الیکشن، پاکستانی امریکن مصعب علی نے خوب مقابلہ کیا!

نیو جرسی میں میئر کا الیکشن، پاکستانی امریکن مصعب علی نے خوب مقابلہ کیا

0

لاہور سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد امریکی مصعب علی نیوجرسی کے شہر جرسی سٹی کے میئر کا انتخاب جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکے، تاہم انہوں نے بھرپور مقابلہ کیا اور نمایاں کارکردگی دکھائی۔

غیر جماعتی بنیادوں پر انتخاب لڑنے والے مصعب علی کا مقابلہ کرسٹینا فریمین، کالکی جائنی روز، جم مک گریوی، بل او ڈیا، جیمز سولومون اور جوائس واٹرمین سے تھا۔ مصعب نے 10 ہزار 843 ووٹ حاصل کیے، جب کہ سٹی کونسل کے رکن جیمز سولومون 17 ہزار 200 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے۔ سابق گورنر جم مک گریوی 15 ہزار 42 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر آئے۔ اب جیمز سولومون اور جم مک گریوی کے درمیان رن آف الیکشن ہوگا۔

کسی صوبے کو اجناس کی ترسیل روکنے کا کوئی اختیار نہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والے مصعب علی 1997 میں لاہور میں پیدا ہوئے اور سن 2000 میں اپنے والدین کے ساتھ جرسی سٹی منتقل ہوئے۔ امریکا آنے کے ایک سال بعد ہی ان کے والد کو ملازمت سے نکال دیا گیا جبکہ ان کی والدہ کو حجاب پہننے پر تعصب کا سامنا کرنا پڑا۔ 11 ستمبر کے بعد کے حالات نے مصعب کو انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے پر آمادہ کیا۔

مصعب کے والد پوسٹل ورکر اور والدہ ایجوکیٹر ہیں، دونوں یونین ورکرز کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ مصعب نے ابتدائی تعلیم مقامی پبلک اسکولوں سے حاصل کی، چین سے ماسٹرز کیا اور ہارورڈ لا اسکول سے جوریس ڈاکٹر کی ڈگری حاصل کی، جہاں وہ اسٹوڈنٹ باڈی کے شریک صدر بھی رہے۔

انہوں نے بتایا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم ان کے سیاست میں آنے کی بڑی وجہ بنی۔ نومبر 2016 میں انہوں نے جرسی سٹی کے اسکول بورڈ کا الیکشن لڑا، جو وہ پہلی بار ہار گئے، لیکن اگلے سال 68 ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہوگئے۔ اس وقت ان کی عمر صرف 20 سال تھی، اور وہ جرسی سٹی کی تاریخ کے کم عمر ترین منتخب افسر بنے۔ ساتھ ہی وہ امریکی تاریخ کے کم عمر ترین منتخب مسلم عہدیدار بھی قرار پائے۔

سن 2018 میں وہ دوبارہ منتخب ہوئے اور 23 ہزار ووٹ حاصل کیے۔ 2021 میں وہ جرسی سٹی بورڈ کے صدر بنے، جہاں انہوں نے ٹیچرز کی تنخواہوں میں اضافے کی مہم چلائی۔ ان کی کوششوں سے کم از کم اجرت 17 ڈالر فی گھنٹہ اور سالانہ کم از کم تنخواہ 61 ہزار ڈالر مقرر کی گئی۔ انہوں نے طلبہ کے لنچ قرضے ختم کرانے، اسٹوڈنٹ بورڈ سیٹ قائم کرنے اور بجٹ سازی میں طلبہ کی رائے شامل کرنے کے لیے بھی اہم کردار ادا کیا۔

مصعب نے اپنی زندگی میں بڑے چیلنجز کا مقابلہ کیا۔ ہارورڈ میں تعلیم کے دوران انہیں ہاجکنز لِمفوما (کینسر) کے اسٹیج فور کی تشخیص ہوئی، مگر وہ 12 کیموتھراپی سیشنز کے باوجود بورڈ کے صدر کے طور پر فرائض انجام دیتے رہے اور بالآخر صحت یاب ہوگئے۔

اگرچہ وہ اس بار جرسی سٹی کے میئر کا انتخاب نہیں جیت سکے، لیکن ان کی جدوجہد، حوصلہ اور خدمت کے جذبے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں دوبارہ مضبوط انداز میں میدان میں اتریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.