ننکانہ صاحب: ڈپٹی کمشنر نے بابا گرونانک کے جنم دن کے موقع پر 5 نومبر کو عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ کل ضلع بھر میں سرکاری دفاتر، اسکول اور کالجز بند رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سکھ مذہب کے روحانی پیشوا بابا گرونانک کے جنم دن کے سلسلے میں ضلع ننکانہ صاحب میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر تسلیم اختر راؤ نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا، جس کے تحت کل تمام سرکاری ادارے، تعلیمی ادارے اور کالجز بند رہیں گے۔
شوہر نے محبوبہ کی خاطر اپنی ڈاکٹر بیوی کو مار ڈالا، محبوبہ کے نام لکھا پیغام بھی وائرل
بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات کا دوسرا روز جاری ہے، جہاں دنیا بھر سے آئے ہزاروں سکھ یاتری مذہبی رسومات ادا کر رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق بھارتی سکھ یاتریوں کے والہانہ استقبال کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
مرکزی تقریب کل منعقد ہوگی، جس میں نگر کیرتن کا جلوس نکالا جائے گا، اور 30 ہزار سے زائد یاتریوں کی شرکت متوقع ہے۔
انتظامیہ نے یاتریوں کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے ہیں، شہر اور گردواروں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں سے کی جا رہی ہے جبکہ شارپ شوٹرز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
مزید برآں، یاتریوں کی رہائش، لنگر، طبی سہولیات اور ٹرانسپورٹ کے بہترین انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔