کراچی: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی تمام بندرگاہوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ ملک دنیا کے لیے ایک مرکزی سمندری تجارتی راستہ بن سکے۔
خطرے سے دوچار ہمپ بیک وہیل کا بڑا گروہ بلوچستان کے ساحل پر نمودار
کراچی میں انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم سمیت تمام بندرگاہوں کی اپ گریڈیشن جاری ہے، جس سے پاکستان وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے درمیان ایک اہم تجارتی مرکز کی حیثیت اختیار کر لے گا۔
احسن اقبال نے بتایا کہ پاکستان سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مقام بن چکا ہے، جہاں توانائی، آئی ٹی، معدنیات اور دیگر کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان کے مطابق بلیو اکانومی کے شعبے میں سرمایہ کاری سے ملکی معیشت کو نمایاں فائدہ پہنچایا جا سکتا ہے کیونکہ دنیا کی ترقی سمندری وسائل کے مؤثر استعمال سے جڑی ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو سمندری وسائل کی شکل میں قدرت کی ایک عظیم نعمت حاصل ہے جسے معیشت کی مضبوطی کے لیے بھرپور انداز میں استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں جاری انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو 6 نومبر تک جاری رہے گی جس میں دنیا کے مختلف خطوں سے 178 نمائش کنندگان شرکت کر رہے ہیں۔