ایک حالیہ امریکی تحقیق کے مطابق اگر آپ امراضِ قلب، فالج یا ہارٹ اٹیک سے بچنا چاہتے ہیں تو اپنی خوراک میں گریوں کو شامل کرنا ایک مزیدار اور مؤثر طریقہ ہو سکتا ہے۔ لوما لنڈا یونیورسٹی میں ہونے والی اس تحقیق میں 80 ہزار سے زائد افراد کے غذائی ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا، جو 2002 سے 2007 کے دوران امریکا اور کینیڈا میں ہونے والے غذائی سرویز کا حصہ تھے۔
شاہ محمود قریشی اسپتال منتقل، پی ٹی آئی پرانی قیادت کی ’’ریلیز عمران خان‘‘ تحریک چلانے کیلئے ملاقات
تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ جو افراد باقاعدگی سے بادام، اخروٹ یا کاجو کھاتے ہیں، ان میں دل کے امراض سے موت کا خطرہ 17 سے 27 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ان گریوں میں میگنیشیم، فائبر اور وٹامنز جیسے غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں جو جسم میں سوزش کم کرتے ہیں، بلڈ پریشر کو متوازن رکھتے ہیں اور دل کی شریانوں کو صحت مند بناتے ہیں۔
محققین کا کہنا ہے کہ اگرچہ تحقیق مشاہدے پر مبنی ہے اور براہِ راست وجہ یا اثر کو ثابت نہیں کرتی، لیکن ماضی کی متعدد مطالعات سے بھی یہی ثابت ہوا ہے کہ گریوں کا استعمال دل کی صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔
مزید یہ کہ تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ اگر گریوں کے استعمال کے ساتھ سرخ گوشت کی مقدار کم کر دی جائے تو دل کے امراض سے موت کا خطرہ 35 سے 44 فیصد تک کم ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ہر ہفتے مناسب مقدار میں گریوں کا استعمال دل کی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ایک سادہ مگر مؤثر طریقہ ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ تحقیق معروف جریدے *جرنل آف نیوٹریشن* میں شائع ہوئی۔