ملاپ یونٹ 15 سندھ پولیس اور میرا پیارا ٹیم راولپنڈی کے باہمی تعاون سے ایک لاوارث بچی کو کامیابی کے ساتھ اس کے ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ یہ کارروائی ایک مثالی کوآرڈینیشن کی عمدہ مثال بن گئی۔
تفصیلات کے مطابق، مورخہ 12 مئی 2025 کو میرا پیارا ٹیم کو ایک لاوارث بچی کی موجودگی کی اطلاع ملی، جو اپنی رہائش کراچی کے علاقے موچکو چوکی کے قریب بتا رہی تھی۔ میرا پیارا ٹیم راولپنڈی نے فوری طور پر ملاپ یونٹ 15 کو مطلع کیا۔
ملاپ یونٹ نے بچی سے ویڈیو کال کے ذریعے رابطہ کیا، جہاں اس نے اپنا نام منہال دختر قاضی محمد عقیل اور عمر تقریباً 12 سال بتائی۔ بچی کی جانب سے موچکو چوکی کے قریب رہائش کا ذکر کیے جانے پر فوری طور پر وہاں کے چوکی انچارج سے رابطہ کیا گیا۔
ویڈیو کال پر بچی کو دیکھ کر چوکی انچارج نے اسے پہچان لیا اور بتایا کہ یہ بچی اس علاقے میں پہلے بھی بھیک مانگتی ہوئی دیکھی گئی ہے۔ مزید تحقیقات کے بعد بچی کی والدہ کا رابطہ نمبر حاصل کیا گیا۔
والدہ سے رابطہ کر کے انہیں مطلع کیا گیا کہ منہال اس وقت ایدھی ہوم اسلام آباد میں موجود ہے۔ ویڈیو کال کے ذریعے والدہ کو بچی سے بات کروائی گئی۔ والدہ ثمینہ نے بتایا کہ بچی پہلے بھی دو سے تین مرتبہ لاپتہ ہو چکی ہے اور ہر بار مقامی چوکی پر رپورٹ درج کروائی گئی تھی۔ تاہم، مالی مشکلات کے باعث وہ فوری طور پر اسلام آباد آ کر بچی کو وصول کرنے سے قاصر تھیں۔
اس موقع پر ملاپ یونٹ 15 کی کوششوں سے ایک معزز شخصیت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بچی کے سفری اخراجات برداشت کیے۔
بالآخر مورخہ 21 اکتوبر 2025 کو منہال کی والدہ اسلام آباد پہنچیں اور اپنی بچی کو بحفاظت وصول کرلیا۔
بچی کی حوالگی کے موقع پر والدہ نے ملاپ یونٹ 15 سندھ پولیس، میرا پیارا ٹیم راولپنڈی، اور ایدھی ہوم کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔