غزہ میں کوئی امریکی فوجی داخل نہیں ہوگا، امریکی سینٹ کام کے سربراہ کا اعلان

0

غزہ: امریکی سینٹ کام (CENTCOM) کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا ہے کہ غزہ میں کوئی امریکی فوجی داخل نہیں ہوگا۔

 

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایڈمرل بریڈ کوپر نے غزہ جنگ بندی کے بعد علاقے کا دورہ کیا تاکہ یہ جانچ سکیں کہ اسرائیلی افواج کا طے شدہ علاقوں سے انخلا مکمل ہوا یا نہیں۔

 

اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ دورہ غزہ امن معاہدے کے بعد بین الاقوامی فورس کی تعیناتی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کیا گیا تھا۔

 

غزہ سے واپسی پر اپنے بیان میں ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا کہ غزہ امن منصوبے کی نگرانی کے لیے روانہ ہونے والے 200 اہلکاروں میں کوئی امریکی فوجی شامل نہیں ہوگا۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ ان کا مقصد سینٹ کام کی زیر قیادت سول ملٹری کوآرڈینیشن سینٹر کے قیام کے امکانات کا جائزہ لینا تھا، اور یہ تمام اقدامات امریکی افواج کی موجودگی کے بغیر کیے جائیں گے۔

 

ایک امریکی عہدیدار کے مطابق، غزہ امن معاہدے کی نگرانی کے لیے 200 اہلکاروں پر مشتمل بین الاقوامی فورس تشکیل دی گئی ہے، جس میں مصر، قطر، ترکی اور ممکنہ طور پر متحدہ عرب امارات کے فوجی شامل ہوں گے۔

 

ادھر جنگ بندی کے نفاذ کے بعد ہزاروں فلسطینی شہری اپنے گھروں کو واپس لوٹنے لگے ہیں۔ اسرائیلی فوج کے انخلا کے بعد امدادی اداروں نے ملبے سے لاشیں نکالنے کا عمل شروع کر دیا ہے، اور اب تک 155 لاشیں برآمد ہو چکی ہیں۔

 

اس موقع پر حماس، اسلامی جہاد اور پاپولر فرنٹ نے مشترکہ بیان میں کہا کہ غزہ کی حکمرانی مکمل طور پر فلسطین کا داخلی معاملہ ہے اور کسی غیر ملکی سرپرستی کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.