بالی ووڈ اداکار سیف علی خان نے اپنی سابقہ اہلیہ امرتا سنگھ کے بارے میں ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ شادی اور طلاق کے بعد بھی امرتا نے ہمیشہ ان کا ساتھ دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، سیف علی خان اور امرتا سنگھ کی جوڑی ایک وقت میں فلمی دنیا کی مشہور ترین جوڑیوں میں شمار ہوتی تھی۔ ان کی شادی اور بعد ازاں طلاق طویل عرصے تک خبروں میں رہی، اور آج بھی مختلف شوز میں ان کا ذکر کیا جاتا ہے۔
سیف علی خان نے بتایا کہ امرتا نے ان کے فلمی کیریئر کے آغاز میں اور ذاتی زندگی کے ہر مرحلے پر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ ان کے مطابق، امرتا ان سے 12 سال بڑی تھیں، لیکن اس کے باوجود انہوں نے شادی کی۔ اُس وقت سیف کی عمر صرف 21 سال تھی جبکہ امرتا فلم انڈسٹری میں اپنی پہچان بنا چکی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ امرتا نے ایک شریکِ حیات کے طور پر ہمیشہ رہنمائی کی اور مشکل وقت میں حوصلہ بڑھایا۔
سیف علی خان نے مزید بتایا کہ وہ اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں زیادہ بات نہیں کرتے، لیکن یہ حقیقت ہے کہ امرتا سے ان کے دو بہت پیارے بچے ہیں، اور وہ ان کی زندگی کا ایک اہم حصہ رہی ہیں۔
اداکار نے کہا کہ اگرچہ دونوں 13 سال ساتھ رہنے کے بعد 2004 میں الگ ہوگئے، لیکن آج بھی ان کے درمیان احترام اور رابطہ موجود ہے۔ “میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ خوشگوار تعلقات رکھتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر بات بھی کر لیتے ہیں۔”