کراچی کے ضلع وسطی کی متعدد سڑکیں بدترین حالت میں ہیں۔
جہانگیر روڈ سے تین ہٹی جانے اور آنے والی سڑکیں خاص طور پر تباہ حالی کا شکار ہیں، جہاں دو طرف بڑے بڑے گڑھے پڑ گئے ہیں۔ تاحال سڑکوں کی مرمت یا تعمیر کا کوئی کام شروع نہیں کیا جا سکا۔
سڑکوں کی خستہ حالی کے باعث متعدد ڈرائیور رانگ وے کا استعمال کر رہے ہیں جبکہ ٹریفک کو درست سمت میں چلانے کے لیے ٹریفک پولیس اہلکار بھی تعینات نہیں کیے گئے۔
جہانگیر روڈ کی تعمیر یا مرمت گزشتہ دس سال میں چار سے زائد مرتبہ ہو چکی ہے، مگر ناقص منصوبہ بندی اور دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث سڑک دوبارہ خراب ہو گئی ہے۔ خراب سڑکوں کی وجہ سے اٹھنے والی دھول مٹی شہریوں کے لیے صحت کے مسائل پیدا کر رہی ہے۔
اس کے علاوہ، جہانگیر روڈ کے مختلف مقامات پر کچرے کے ڈھیر لگے ہیں جبکہ نشے کے عادی افراد نے بھی یہاں ڈیرے جما رکھے ہیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔