امریکی ناظم الامور نٹیلی بیکر نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، ڈیجیٹل میڈیا میں تعاون، سیاحت کے فروغ اور پاکستان کے امن و استحکام کے کردار پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
امریکی ناظم الامور نے پاکستان کی معیشت کے استحکام، ترقی کے تسلسل اور عالمی امن کے لیے کی جانے والی قربانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف نمایاں کردار ادا کیا ہے، جس سے عالمی امن کو تقویت ملی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف صفِ اول کا کردار ادا کر رہا ہے اور ہماری قربانیاں صرف اپنے ملک کے لیے نہیں بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے فیک نیوز کے خاتمے اور ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ کے لیے ایک جامع پالیسی متعارف کرائی ہے، جسے مزید مؤثر اور پائیدار بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن، ثقافتی تنوع اور تاریخی ورثے سے مالا مال ہے، اور حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ پاکستان کو عالمی سیاحتی نقشے پر نمایاں مقام حاصل ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاحت کے فروغ سے نہ صرف معیشت مستحکم ہوگی بلکہ عوامی سطح پر پاکستان اور امریکہ کے تعلقات بھی مزید مضبوط ہوں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے قانون سازی پر کام کر رہی ہے تاکہ میڈیا ورکرز کو بہتر سہولیات اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
امریکی ناظم الامور نے پاکستان کی جانب سے صحافیوں کے تحفظ اور میڈیا فریڈم کے فروغ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین تعاون کے تسلسل پر اطمینان کا اظہار کیا۔