امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والی وینزویلا کی جمہوریت نواز رہنما ماریا کورینا ماچاڈو نے اپنا انعام وینزویلا کے عوام اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام کر دیا۔
اپنے بیان میں ماریا کورینا ماچاڈو نے کہا کہ یہ ایوارڈ وینزویلا کے شہریوں کی طویل جدوجہد کا اعتراف ہے، اور ہم آزادی و جمہوریت کی فتح کے دہانے پر کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وینزویلا کی آزادی اور جمہوریت کے لیے صدر ٹرمپ، امریکی عوام اور عالمی جمہوری قوتوں کی حمایت ضروری ہے۔
ماچاڈو کا کہنا تھا کہ وہ یہ ایوارڈ وینزویلا کے مصیبت زدہ عوام اور صدر ٹرمپ کی فیصلہ کن حمایت کے نام کرتی ہیں جنہوں نے ہمارے مقصد کے لیے مضبوط موقف اختیار کیا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن کا نوبیل انعام نہ ملنے پر وائٹ ہاؤس کی جانب سے ردعمل سامنے آیا۔ ترجمان اسٹیون چیونگ نے کہا کہ نوبیل کمیٹی نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ امن کے بجائے سیاست کو ترجیح دیتے ہیں۔ ان کے مطابق صدر ٹرمپ امن معاہدے کرتے رہیں گے، جنگوں کو ختم کرتے رہیں گے اور انسانی جانیں بچانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
یاد رہے کہ آج سوئیڈن کی رائل سوئیڈش اکیڈمی آف سائنس کے سربراہ جورجین واٹن فریڈنس نے 2025 کے نوبیل امن انعام کا اعلان کیا، جو وینزویلا کی جمہوریت نواز رہنما ماریا کورینا ماچاڈو کو دیا گیا۔ نارویجن نوبیل کمیٹی کے مطابق یہ انعام وینزویلا کے عوام کے جمہوری حقوق کے فروغ اور آمریت سے جمہوریت کی پُرامن اور منصفانہ منتقلی کی جدوجہد کے اعتراف میں دیا گیا۔