سست ترین انٹرنیٹ کا دور ختم! پاکستان میں شاندار براڈ بینڈ سروس شروع کرنے کا اعلان

0

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان میں ڈیجیٹل انقلاب کی جانب ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں عالمی ٹیکنالوجی کمپنی ایمازون کا منصوبہ "پروجیکٹ کوئپر” اگلے سال ملک میں سیٹلائٹ براڈ بینڈ سروسز کا آغاز کرے گا۔

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ اور پروجیکٹ کوئپر کے وفد کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاکستان میں جدید انٹرنیٹ سروسز کے آغاز پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

وزارتِ آئی ٹی کے مطابق یہ منصوبہ پاکستان کے ڈیجیٹل منظرنامے میں نمایاں تبدیلی لانے کا باعث بنے گا اور ملک بھر میں تیز رفتار انٹرنیٹ تک رسائی کو ممکن بنائے گا۔

پروجیکٹ کوئپر لو ارتھ آربٹ (LEO) سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے 2026 کے آخر تک پاکستان میں ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ سروس فراہم کرے گا۔ اربوں ڈالر کے اس عالمی منصوبے کا مقصد دنیا کے ان دور دراز علاقوں کو تیز رفتار انٹرنیٹ سے جوڑنا ہے جہاں رسائی فی الحال ممکن نہیں۔

وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان میں اس منصوبے کا آغاز ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینے اور ملک کے کنیکٹیویٹی ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام حکومت کے “ڈیجیٹل نیشن پاکستان” کے وژن سے ہم آہنگ ہے، جس کا مقصد ہر شہری کو — چاہے وہ کسی بھی علاقے میں ہو — تیز، سستا اور محفوظ انٹرنیٹ فراہم کرنا ہے۔

پروجیکٹ کوئپر کے تحت 3,236 سیٹلائٹس زمین کے مدار میں تعینات کیے جائیں گے، جو کم لاگت والے انٹرنیٹ ٹرمینلز کے ذریعے صارفین کو 400 ایم بی پی ایس تک کی انٹرنیٹ رفتار فراہم کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.