چین کے صوبے ہانگزو میں 82 سالہ معمر خاتون نے کمر درد کے علاج کے لیے زندہ مینڈک کھا لیے، جس کے بعد انہیں سنگین طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور اسپتال میں داخل ہونا پڑا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کا نام ژینگ بتایا گیا ہے۔ انہیں کسی نے مشورہ دیا تھا کہ زندہ مینڈک کھانا کمر درد، خاص طور پر ریڑھ کی ہڈی کے مہروں کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔
خاتون نے پہلے دن تین زندہ مینڈک کھائے اور اگلے دن مزید پانچ کھا لیے۔ ابتدائی طور پر انہیں ہلکا معدے کا درد محسوس ہوا، تاہم چند روز بعد تکلیف میں شدت آگئی اور چلنے پھرنے میں بھی دشواری ہونے لگی۔
اسپتال پہنچنے پر طبی معائنے میں ان کے نظامِ ہاضمہ کو نقصان پہنچنے اور پیراسائٹ انفیکشن کی تصدیق ہوئی۔ ڈاکٹروں نے دو ہفتے تک مسلسل علاج کیا، جس کے بعد خاتون کی حالت میں بہتری آئی اور انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔
طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایسے غیر سائنسی اور روایتی علاج سنگین بیماریوں اور جسمانی نقصانات کا باعث بن سکتے ہیں۔