پی ایس ایل کا اگلا سیزن 2 اضافی ٹیموں کیساتھ اپریل مئی میں ہونیکا امکان

0

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) آئندہ سال پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا 11واں ایڈیشن رمضان کے بعد اپریل اور مئی میں منعقد کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے، جس میں دو نئی ٹیموں کے شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ اس طرح پی ایس ایل کا شیڈول انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ساتھ متوقع طور پر ٹکرا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ایس ایل فرنچائزز اور پی سی بی کے درمیان کئی معاملات تاحال حل طلب ہیں، اور اب تک ایسی کوئی باضابطہ میٹنگ نہیں ہوئی جس میں اگلے ایڈیشن پر تفصیلی بات چیت کی گئی ہو۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے باعث اگلے سال پی ایس ایل کو فروری یا مارچ میں کرانا ممکن نہیں۔ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی، جس کے بعد پاکستان بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں حصہ لے گا۔

بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد مئی میں وائٹ بال (ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی) سیریز کھیلی جائے گی۔ پاکستان ٹیم بنگلہ دیش میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی، جب کہ زمبابوے کے خلاف بھی اسی نوعیت کی سیریز شیڈول ہے۔ اسی مصروف کرکٹ کیلنڈر کے پیش نظر پی سی بی نے پی ایس ایل 11 کو اپریل اور مئی میں منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

دوسری جانب آئی پی ایل کا اگلا ایڈیشن 15 مارچ سے 31 مئی تک جاری رہے گا۔ اس لیے امکان ہے کہ دونوں بڑی لیگز کے میچوں کی تاریخیں ایک دوسرے سے متصادم ہوں، جس کے نتیجے میں کئی غیر ملکی کھلاڑیوں کو دونوں میں سے کسی ایک لیگ کا انتخاب کرنا پڑ سکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.