تل ابیب: اسرائیلی حکومت نے غزہ کے لیے امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کے مزید 171 اراکین کو ملک بدر کردیا۔
اسرائیلی بحریہ نے فلوٹیلا کو بین الاقوامی پانیوں میں روک کر اس پر موجود افراد کو حراست میں لیا تھا۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کے مطابق ملک بدر کیے گئے افراد کو یونان اور سلوواکیہ بھیج دیا گیا ہے۔
ڈی پورٹ ہونے والے کارکنوں کا تعلق یونان، اٹلی، فرانس، آئرلینڈ، سویڈن، پولینڈ، جرمنی، بلغاریہ، لیتھوانیا، آسٹریا، لکسمبرگ، فن لینڈ، ڈنمارک، سلوواکیہ، سوئٹزرلینڈ، ناروے، برطانیہ، سربیا اور امریکا سے ہے۔
پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان بھی فلوٹیلا کا حصہ تھے جو اب تک اسرائیلی حراست میں ہیں۔
اس سے قبل اسرائیلی حکومت فلوٹیلا کے 450 سے زائد گرفتار اراکین میں سے 170 کو پہلے ہی ڈی پورٹ کر چکی ہے۔
اسرائیل سے واپسی پر امدادی کارکنوں نے انکشاف کیا کہ اسرائیلی فوج اور پولیس نے انہیں حراست کے دوران ہراساں کیا اور ادویات سمیت بنیادی سہولیات سے محروم رکھا۔