پاکستان کی خدمات (Services) کی برآمدات میں رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی مجموعی مالیت 1.39 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔
مالی سال 2026 کے دوسرے مہینے میں خدمات کی برآمدات میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 8.41 فیصد اضافہ ہوا۔ اس اضافہ کی بنیادی وجہ معلوماتی ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبے میں برآمدات کا بڑھنا ہے۔
اشیائی برآمدات کے برعکس، خدمات کی برآمدات نے مالی سال 2026 کے آغاز سے ہی مثبت رجحان دکھایا۔ جولائی میں خدمات کی برآمدات میں سال بہ سال 18.27 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس (PBS) کے مطابق، ٹیلی کمیونیکیشن، کمپیوٹر اور انفارمیشن سروسز اس ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔
اگست 2025 میں خدمات کی برآمدات 67 کروڑ 19 لاکھ 80 ہزار ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال اگست میں 61 کروڑ 99 لاکھ 40 ہزار ڈالر تھیں۔ تاہم ماہ بہ ماہ بنیاد پر 7.30 فیصد کمی دیکھی گئی۔
روپے کی صورت میں، اگست ایف وائی 26 میں برآمدات 9.85 فیصد بڑھ کر 1 کھرب 89 ارب 66 کروڑ 20 لاکھ روپے تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال اگست میں 1 کھرب 72 ارب 65 کروڑ 10 لاکھ روپے تھیں۔ یہ اضافہ موجودہ مالی سال میں خدمات کی برآمدات کے تسلسل سے بڑھنے کی نشاندہی کرتا ہے۔
مالی سال 26 کے ابتدائی دو مہینوں (جولائی تا اگست) میں مجموعی خدمات کی برآمدات 1 ارب 39 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال کے 1 ارب 25 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں 11.73 فیصد زیادہ ہیں۔
مالی سال 25 میں مجموعی خدمات کی برآمدات 9.23 فیصد اضافے کے ساتھ 8 ارب 39 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، جو ایک سال قبل 7 ارب 68 کروڑ ڈالر تھیں۔
فروری 2024 سے خدمات کے شعبے میں مسلسل بہتری دیکھی جا رہی ہے، جس کا بڑا سبب آئی ٹی اور دیگر کاروباری خدمات کی برآمدات میں اضافہ ہے، تاہم اگست 2024 میں 6.50 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق، ٹیلی کمیونیکیشن، کمپیوٹر اور انفارمیشن سروسز کی برآمدات جولائی تا اگست ایف وائی 26 میں 69 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال کے 58 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 18.32 فیصد زیادہ ہیں۔
دیگر کاروباری خدمات کی برآمدات میں بھی 16.66 فیصد اضافہ ہوا، جو دو ماہ میں 30 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہیں، جب کہ گزشتہ سال اسی مدت میں 25 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تھیں۔
دوسری جانب، ٹرانسپورٹ خدمات کی برآمدات 4.62 فیصد کمی کے ساتھ 13 کروڑ ڈالر سے گھٹ کر 12 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہ گئیں۔
سیاحت کی خدمات میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی، جو جولائی تا اگست ایف وائی 26 میں 18.91 فیصد کمی کے ساتھ 11 کروڑ 10 لاکھ ڈالر سے کم ہو کر 9 کروڑ ڈالر رہ گئیں۔
درآمدات کے لحاظ سے، خدمات کی درآمدات اگست ایف وائی 26 میں 13.36 فیصد بڑھ کر 1 ارب 10 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال 97 کروڑ 81 لاکھ 90 ہزار ڈالر تھیں۔ ماہ بہ ماہ بنیاد پر درآمدات میں 11.43 فیصد اضافہ ہوا۔
مالی سال 26 کے ابتدائی دو مہینوں میں خدمات کی کل درآمدات 2 ارب 10 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال کے 1 ارب 85 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 13.43 فیصد زیادہ ہیں۔
ٹرانسپورٹ خدمات کی درآمدات 7.03 فیصد کمی کے ساتھ 82 کروڑ 40 لاکھ ڈالر سے کم ہو کر 76 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہ گئیں، جبکہ ٹریول خدمات کی درآمدات میں دو گنا سے زائد اضافہ ہوا، جو گزشتہ سال کے 36 کروڑ 10 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 73 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہو گئیں، یعنی 103.6 فیصد اضافہ۔
نتیجتاً، خدمات کے شعبے میں تجارتی خسارہ 16.94 فیصد بڑھ کر مالی سال 26 کے ابتدائی دو مہینوں میں 70 کروڑ 72 لاکھ 30 ہزار ڈالر تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 60 کروڑ 47 لاکھ 90 ہزار ڈالر تھا۔