پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان نے کراچی سے معذرت کرتے ہوئے ایک جذباتی نوٹ شیئر کیا۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ماہرہ خان نے روشنیوں کے شہر کراچی کی حالتِ زار پر افسوس کا اظہار کیا اور شہر کی دیکھ بھال نہ کرنے پر معافی مانگی۔
اپنے پیغام میں اداکارہ نے لکھا کہ کبھی کبھی میں اپنے شہر کو دیکھ کر حیران رہ جاتی ہوں۔ میرا کام مجھے ایسی جگہوں پر لے جاتا ہے جہاں میں شاید کبھی نہ گئی ہوتی، میں نے ان گلیوں اور بستیوں کو قریب سے دیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسائل سب کے ہیں، لیکن میں نے ایسے گھروں کو دیکھا ہے جہاں گھنٹوں بجلی نہیں ہوتی، لوگوں کو روزمرہ کھانے کے لیے جدوجہد کرنا پڑتی ہے، اور شہر میں امیر و غریب کے درمیان فرق بہت نمایاں ہے۔
ماہرہ خان نے مزید لکھا کہ ان تمام مشکلات کے باوجود میں نے بچوں کو ہنستے دیکھا، ماؤں کو بیٹوں کے لیے تازہ پراٹھے بناتے دیکھا، اور گلیوں میں زندگی کو دھڑکتے محسوس کیا۔ ایک گلی میں میں نے مندر، چرچ اور مسجد کو ایک ساتھ دیکھا — یہ منظر امید اور یکجہتی کی علامت لگا۔
انہوں نے اپنے پیغام کے آخر میں لکھا، "میں نے اپنی ویڈیو برنس روڈ سے شروع کی اور چھوٹی گلیوں تک دکھایا۔ کراچی، میں تم سے پیار کرتی ہوں۔ مجھے افسوس ہے کہ ہم تمہاری دیکھ بھال نہیں کر سکے، جیسے تم ہمیشہ ہماری کرتے ہو۔”