پولیس ذرائع کے مطابق طیفی بٹ کو دبئی میں ایک نجی دعوت کے دوران گرفتار کیا گیا۔ دبئی پولیس کے ایکسٹراڈیشن سیل کے ڈی ایس پی پہلے ہی اس تقریب میں موجود تھے، جبکہ ڈی ایس پی خالد وریا اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے سلسلے میں دبئی پہنچے تھے۔
رپورٹس کے مطابق ڈی ایس پی خالد وریا نے دبئی پولیس کے تعاون سے کارروائی کی، جس کے دوران بالاج قتل کیس کا مرکزی ملزم طیفی بٹ اسی فلیٹ میں موجود پایا گیا جہاں دعوت جاری تھی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ طیفی بٹ اس وقت دبئی پولیس کی حراست میں ہے، اور ریڈ وارنٹ کے تحت اس کی پاکستان منتقلی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق طیفی بٹ کا ویزا ختم ہو گیا تھا، اور وہ تجدید کے لیے دبئی آیا ہوا تھا۔
یاد رہے کہ فروری 2024 میں ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج کو لاہور میں ایک شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ تھانہ چوہنگ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ اور عقیل عرف گوگی بٹ کو نامزد کیا تھا۔ مقدمے کا ایک اور مرکزی ملزم احسن شاہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا تھا، جبکہ طیفی بٹ ملک سے فرار ہوگیا تھا۔