گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل سابق سینیٹر و رہنما جماعت اسلامی پاکستان مشتاق احمد خان کا گرفتاری سے قبل پاکستانیوں کیلیے آخری آڈیو پیغام جاری کر دیا گیا۔
غزہ کی جانب محو سفر گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی فوج نے دھاوا بول کر اس میں شامل کئی کارکنوں کو گرفتار کیا جس میں مشتاق احمد خان بھی شامل ہیں۔
مشتاق احمد خان کے فیس بک اکاؤنٹ سے ان کا آخری آڈیو پیغام جاری کیا گیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام سڑکوں پر نکلیں، پورے یورپ کے عوام گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملے کے خلاف سڑکوں پر نکلے ہیں لہٰذا پاکستانی بھی نکلیں۔
فیس بک پیج کے ایڈمن نے بتایا کہ سابق سینیٹر و رہنما جماعت اسلامی پاکستان کی طرف سے رات 3 بجے کے قریب یہ آخری پیغام ہمیں موصول ہوا جس کے بعد سے ہمارا رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
ایڈمن نے کہا کہ اگرچہ مشتاق احمد خان 2 سال سے قوم سے اپیل کر رہے تھے کہ غزہ میں انسانیت سوز قتل عام کو رکوانے کیلیے اپنی حکومت پر دباؤ کا ہمارے پاس صرف ایک ہی راستہ ہے کہ نکلیں اور مسلسل نکلیں اور بڑی تعداد میں نکلیں، آج جبکہ وہ خود اسی وحشی اسرائیل کی دہشتگردی کا شکار ہو چکے ہیں تو قوم سے امید ہے کہ اب تو وہ ضرور نکلے گی۔
انہوں نے کہا کہ سابق سینیٹر نے اپنے آخری ویڈیو پیغام میں بھی واضح طور پر پاک فلسطین فورم کی کال پر نکلنے کی اپیل کی تھی لہٰذا پاک فلسطین فورم آج ان کے مشن کو آگے بڑھانے کیلیے کال دے چکی ہے۔
واضح رہے کہ گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے اور مشتاق احمد خان کی گرفتاری کے خلاف آج دوپہر 3 بجے اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد ، ملتان اور کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا جائے گا۔