"نہیں چاہتے کہ ایسے حالات پیدا ہوں جن کا نقصان دونوں اطراف کو ہو”حکومت آزادکشمیر کی ایکشن کمیٹی کو دوبارہ مذاکرات کی دعوت
حکومت آزادجموں و کشمیر نے ایک بار پھر ایکشن کمیٹی کو مذاکرات کی دعوت دی ہے۔ اس بات کا اعلان وزیر بلدیات و دیہی ترقی اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کیا۔
ویڈیو بیان کے دوران دیگر وزراء حکومت، جن میں دیوان علی خان چغتائی اور چوہدری قاسم مجید شامل تھے، بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
راجہ فیصل ممتاز نے کہا کہ "ریاست اس وقت ایک ہیجانی کیفیت سے گزر رہی ہے، اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ ہم بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ ریاست میں امن و امان کی فضا قائم رہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "لاک ڈاؤن مودی سرکار کی روایت ہے، جسے ہم دہرانا نہیں چاہتے۔ بات چیت کے بغیر موجودہ صورتحال کا پائیدار حل ممکن نہیں۔”
وزیر حکومت نے کہا کہ حکومت نے پہلے بھی ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کا دروازہ کھلا رکھا تھا اور اب بھی کھلا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی روزمرہ زندگی میں رکاوٹ ڈالنا درست نہیں، آزادکشمیر کی فضا امن اور بھائی چارے کی ہے، جسے برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا:
"ہم نہیں چاہتے کہ ریاست کے اندر ایسے حالات پیدا ہوں جن کا نقصان دونوں اطراف کو ہو — اور اصل نقصان ریاست کا ہی بنے۔”