صدر آصف علی زرداری نے بھارتی باکسر کو شکست دیکر یوتھ ورلڈ بینٹم ویٹ ٹائٹل جیتنے والے نوجوان باکسر سمیر خان کو مبارکباد پیش کی۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان نے پہلی بار یوتھ ورلڈ بینٹم ویٹ ٹائٹل اپنے نام کیا، سمیر خان کی جیت قوم کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔
صدر پاکستان نے کہا کہ سمیر خان نے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا، نوجوان باکسر کی محنت، عزم اور جذبہ قابلِ تعریف ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز تھائی لینڈ میں ہونے والے یوتھ ورلڈ بینٹم ویٹ ٹائٹل کے مقابلے میں سمیر خان نے بھارتی حریف بنٹی سنگھ کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
بھارتی حریف کو شکست دینے کے بعد سمیر خان کا کہنا تھا میں آج کی جیت پوری پاکستانی قوم، پاک فوج اور تمام شہیدوں کے نام کرتا ہوں۔