اسلام آباد: ویگو ڈالے میں سوار ملزمان کی جانب سے ڈیوٹی پر موجود ٹریفک آفیسر کو ٹکر مارنے کے واقعے پر چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے فوری نوٹس لیا۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق واقعے کا مقدمہ تھانہ کوہسار میں درج کر لیا گیا ہے، جبکہ ملزمان کو ٹریفک پولیس اور سی آئی اے کی ٹیموں نے مشترکہ کارروائی میں گرفتار کر لیا۔ ٹکر مارنے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے تھے تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا۔ ویگو ڈالہ بھی تھانے میں بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے، چاہے کسی کا تعلق کسی بھی طبقے سے ہو۔ اسلام آباد پولیس شہریوں کی حفاظت اور قانون کی عملداری یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔